کراچی (اعجاز احمد) کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر خودکش دھماکے میں ریلوے پولیس کے 2اہل کار بھی زخمی ہوئے،چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) پاکستان ریلویز عامر علی بلوچ نے د ھماکے کی شدید مذمت کی ہے، دھماکے بعد کوئٹہ میں ٹرین آپریشن مکمل بحال کر دیا گیا،جہاں محکمہ ریلوے کی مختلف ٹیموں نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا، جب کہ ریلوے انتظامیہ نے کوئٹہ میں انفارمیشن ڈیسک بھی قائم کردی ہے۔ پاکستان ریلوے کے ترجمان کے مطابق ہفتے کو کوئٹہ اسٹیشن پر ہوئے خودکش دھماکے میں ریلوے پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل غلام رسول جمالی اور ہیڈ کانسٹیبل بھورل خان زخمی ہوگئے، جنہیں علاج کی غرض سے اسپتال منتقل کیا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ دھماکے کے بعد کوئٹہ میں ٹرین آپریشن مکمل بحال کر دیا گیا ہے،جعفر ایکسپریس اور چمن پسنجر کوئٹہ سے اپنی منزل کی طرف روانہ ہوئیں اور بولان ایکسپریس کو کراچی روانہ کیا گیا۔کوئٹہ اسٹیشن پر محکمہ ریلوے کی میڈیکل اور دیگر امدادی ٹیمیں موجود تھیں، جنہوں نے امدادی کارروائیوں میں بھرپور حصہ لیا۔معلومات کے حصول کے لیے کو ئٹہ اسٹیشن کے کنٹررول روم میں انفارمیشن ڈیسک قائم کر دیا گیا ہے، جہاں سے معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں، نیز ریلوے انکوائری نمبر 117سے بھی معلومات لی جا سکتی ہیں۔ دریں اثناء سی ای او ریلوے نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔