جدہ(شاہد نعیم ) وزیراعظم شہباز شریف عرب اسلامک سمٹ میں شرکت کیلئے سعودی عرب کے شہر ریاض پہنچ گئے، ریاض کے رائل ائیرپورٹ ٹرمینل پر ریاض کے ڈپٹی گورنرشہزادہ محمد بن عبد الرحمٰن بن عبدالعزیز ، سعودی عرب میں تعینات پاکستان کے سفیر اور دیگر سفارتی عملے نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں، وزیراعظم عرب اسلامک سربراہی اجلاس سے خطاب کریں گے،سمٹ کی سائیڈ لائینز پر وزیر اعظم کی عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں یہ غیر معمولی سربراہی اجلاس سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے بلایا گیا ہے، جس میں غزہ اور فلسطین سمیت مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا،سربراہی اجلاس میں عرب لیگ اور او آئی سی کے رکن ممالک کے سربراہان مملکت و حکومت شرکت کر رہے ہیں۔