لاہور ( جنرل رپورٹر) کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر خود کش دھماکے کےبعد بچے کھچے پریشان حال اور غم سے نڈھال مسافروں کو لیکر جعفر ایکسپریس اتوار کے روز 11بجکر 50منٹ پر دو گھنٹے کی تاخیر سے لاہور پہنچ گئی۔ریلوے اسٹیشن پر دکھیارے مسافر عزیزو اقارب سے ملکر روپڑے، شہداء کیلئے دعا کرائی، ٹرین پشاور روانہ ، ریلوے اسٹیشن پر رقت آمیزو جذباتی مناظردیکھنے میں آئے، دکھیارے مسافرعزیز و اقارب سےگلے مل کر بے اختیار روپڑے۔ دھماکے میں شہید ہونیوالوں کیلئے دعا بھی کرائی گئی۔کوئٹہ سے آنیوالے مسافروں نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کوئٹہ ریلوے اسٹیشن کے مین پلیٹ فارم پر موجود تھے ٹرین آمد کی گھنٹی بج چکی تھی اچانک زور دار دھماکہ ہوا اور ہر طرف چیخ و پکار مچ گئی۔