کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسکریبل ٹیم کے اہم کھلاڑیوں کو بھارت کا ویزا نہیں مل سکا ۔ بھارت کی شرارت کے سبب پاکستان ٹیم ایشین یوتھ اسکریبل چیمپئن شپ کے ٹائٹل کے دفاع سے محروم ہوگئی۔ ورلڈ یوتھ چیمپئن علی سلمان کو بھی ویزا جاری نہیں کیا گیا، پاکستان اسکریبل ایسوسی ایشن کے مطابق 20 میں سے صرف 6 کھلاڑیوں کو ایونٹ شروع ہونے سے صرف ایک دن قبل ویزے دیے گئے ۔ چیمپئن شپ نئی دہلی میں شروع ہوگئی ہے۔ پاکستان یوتھ اسکریبل کے ڈائریکٹر طارق پرویز کے مطابق ایونٹ سے دو ماہ قبل ویزوں کیلئے درخواست دی تھی، لیکن بھارتی ہائی کمیشن نے جان بوجھ کر ویزے دینےمیں تاخیرکی ۔ طارق پرویز کا کہنا تھا کچھ آفیشلز اور کھلاڑیوں کی فیملیز کو ویزے دے دیے لیکن ٹیم کے جو اہم کھلاڑی تھے انہیں ویزے نہیں دیے گئے، ورلڈ یوتھ چیمپئن علی سلمان اور بلال ارشد کو بھی ویزا جاری نہیں کیا گیا۔