• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیمپئنز ٹرافی، بھارت نے انکار تحریری کیا یا زبانی، آئی سی سی خاموش

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سےانٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ابھی تک پی سی بی کے خط کا جواب نہیں دیا۔ تاخیر ظاہر کرتی ہے کہ بھارت نے اسے زبانی ہی فیصلے سے مطلع کیا اور کچھ بھی تحریری نہیں دیا۔ آئی سی سی مسلسل خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی نے آئی سی سی سے مطالبہ کیا تھا کہ بھارتی بورڈ نہ آنے کی ٹھوس وجوہات پیش کرے۔ اکتوبر 2024کی آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں چیمپئنز ٹرافی شیڈول پر کسی نے اعتراض نہیں کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق براڈ کاسٹرز نے آئی سی سی سے شیڈول فوری جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے، آئی سی سی نے 2027ء تک کے میڈیا رائٹس3ارب ڈالرز میں دیے تھے اور یقین دلایا تھا کہ اس سرکل میں پاک بھارت میچز لازمی ہوں گے۔ براڈ کاسٹرز کے طے شدہ شیڈول پر بھارت سمیت تمام کرکٹ بورڈز نے رضامندی ظاہر کی تھی۔ تاہم 11نومبر کو پاکستان میں ٹرافی ٹور اور ایونٹ لانچ سے عین پہلے بھارت نے نہ آنے کی بات کردی۔ چیمپئنز ٹرافی کیلئے دسمبر 2023میں ہوسٹ معاہدہ سائن ہوا۔ پاکستان ستمبر میں سیکیورٹی پلان پر تمام ممبران کو بریفنگ دے چکا تھا پھر بھی بھارتی کرکٹ بورڈ نے پہلے حکومت سے اجازت نہیں لی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ چیمپئنز ٹرافی سے قبل جنوری میں انٹرنیشنل ٹیسٹنگ سیریز بھی پلان کر رہا ہے۔
اہم خبریں سے مزید