• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

براڈ کاسٹڑز کو زرتلافی کی پیشکش، بھارت کی پاکستان سے چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی ہتھیانے کیلئے نئی سازشیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بھارتی کرکٹ بورڈ سے چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان نہ آنے کی تحریری وجوہات طلب کر لیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی سے بھارتی خط کی تحریری کاپی مانگی تھی جبکہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو پاکستان نہ جانے بارے زبانی آگاہ کیا تھا۔ یہ اطلاعات بھی سامنے آرہی ہیں کہ بھارتی بورڈ نئی سازش تیار کرتے ہوئے پاکستان سے ایونٹ کی منتقلی کی صورت میں اس کی میزبانی کی پیش کش کرے گا۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ پاک بھارت میچ نہ ہونے پر آئی سی سی براڈ کاسٹرز کو زرتلافی ادا کرے گا، جس کیلئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے مذاکرات جاری ہیں۔ دوسری جانب حکومت پاکستان نے بھی بڑی تعداد میں بھارتی مداحواں کو ویزا دینے کی تیاری مکمل کر لی ہے، پاکستان نے بی سی سی آئی کو بارڈر قوانین میں نرمی کے حوالے سے آگاہ کر دیا ہے۔ چیمپئنز ٹرافی میں شریک ٹیموں کے شائقین کو آئی سی سی قوانین کے مطابق ویزے جاری کئے جائینگے۔ سیکیورٹی کا بہانہ بناکر بھارتی ٹیم کے انکار کی صورت میں پی سی بی آئی سی سی کو ایک بار پھر دعوت دے گا کہ اگر بھارت کو سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ ہے تو وہ اپنا سیکیورٹی وفد پاکستان بھیج کر انتظامات کا جائزہ لے۔ ہم اس کے لیے بھی تیار ہیں۔ بھارتی انکار کے بعدذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی نے انڈین کرکٹ بورڈ کو تحریری وجوہات بیان کرنے کا کہا ہے، پاکستان تحریری وجوہات ملنے پر اس حوالے سے کئی ٹھوس شواہد مانگ سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان نہ جانے کی وجوہات جائز نہ ہوئیں تو بھارتی ٹیم کو آنے کا کہا جائے گا، بھارت نہ مانا تو چیمپئنز ٹرافی میں 9ویں ٹیم کو شامل کیا جا سکتا ہے۔ قوانین کے مطابق انڈین بورڈ کو پاکستان نہ جانے کی مضبوط وجوہات دینا ہوں گی، آئی سی سی کو وجوہات کا جائزہ لے کر بھارت سے متعلق حتمی فیصلہ کرنا ہو گا، بھارتی ٹیم کے شریک نہ ہونے سے آئی سی سی کو 50 کروڑ ڈالرز کا نقصان ہوگا، آئی سی سی نے ٹرافی کے نشریاتی حقوق، اشتہارات اور اسپانسرشپ سے کمائی کرنی ہے، پاک بھارت میچز نہ ہونے سے بھارتی بورڈ کے نقصان کا تخمینہ 10 کروڑ ڈالرز ہے۔

اسپورٹس سے مزید