پشاور(سٹاف رپورٹر، مانیٹر نگ ڈیسک )PTI کا پشاور میں اجلاس، پردے کے پیچھے سے بشریٰ کا 10منٹ تک خطاب،بشر ی بی بی نے کہا کہ جلسے سےپہلے گرفتار اور لوگ نہ لینے والے ایم پی ایز اور ایم این ایز خود کو پارٹی سے فا رغ سمجھیں ، اس بار سخت احتجاج کیا جائیگا،فیصل چوہدری نے بتایا کہ بشریٰ بی بی سیاست میں حصہ نہیں لے رہیں اور نا ہی سیاست میں حصہ لیں گی،24نومبر کو احتجاج کے معاملے پر وزیراعلیٰ ہاؤس خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے پردے کے پیچھے سے مختصر خطاب کیا۔وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں اجلاس کی صدارت چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کی، جس میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور، سینئر رہنما حماد اظہر، شیخ وقاص اکرم، عمر ایوب سمیت 400افراد شریک ہوئے۔اجلاس میں پنجاب کے قومی، صوبائی اسمبلی کے اراکین نے بھی شرکت کی۔ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی نے پردے کے پیچھے سے مختصر10منٹ تک خطاب کیا، بانی پی ٹی آئی عمران خان کے احکامات پربشری بی بی نے لیڈر شپ کو ہدایات پہنچائی۔ذرائع کا کہنا تھا کہ اہلیہ ہونے کے ناطے بشری بی بی نے پارٹی سے عمران خان کی رہائی سے متعلق بات چیت کی۔