اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ عمران خان سمیت تمام بے گناہ سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے، عمران خان کی کال پر حقیقی آزادی کیلئے پوری قوم باہر نکلے گی، پاکستان میں آئین عملًا معطل ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اب نہ تو پارلیمنٹ اور نہ ہی عدالت کی کوئی حیثیت رہی ہے، ملک اس وقت عملاً جنگل کا نظارہ پیش کر رہا ہے۔ جس کے پاس طاقت یا ڈنڈا ہے اسی کے پاس اختیارات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ جو ملک کا سب سے معتبر ادارہ ہے اس پر حملہ ہوا اور ایم این ایز کو گرفتار کیا گیا، ہمارے لیڈر کو جیل میں رکھا ہوا ہے حالانکہ کوئی ایسا مقدمہ نہیں ہے، جس میں اسے اندر رکھا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسان رل رہا ہے، انڈسٹری بند ہو رہی ہے جبکہ ملک میں کوئی سرمایہ کاری کیلئے تیار ہی نہیں ہے۔ ہمارا پہلا مطالبہ ہے کہ عمران خان سمیت تمام بے گناہ سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے، دوسرا مطالبہ ہے کہ جو ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا ہے اس کو واپس کیا جائے، تیسرا مطالبہ ہے کہ ملک میں آئین اور قانون کا نفاذ کیا جائے، جبکہ چوتھا مطالبہ ہے کہ افغانستان کے ساتھ تجارت کو جو بند کیا گیا ہے، اسے بحال کیا جائے۔