اسلام آباد(نمائندہ جنگ)وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیکس چوری اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث شوگر ملز مالکان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چینی کی قیمتوں میں اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا‘شوگر ملوں اور ڈیلرز سے جی ایس ٹی کی 100 فیصد وصولی کو بھی یقینی بنایا جائےجبکہ وزیراعظم کی ہدایت پر شوگرملز میں کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے ۔ منگل کو جاری بیان کے مطابق ایف بی آر، ایف آئی اے اور آئی بی کو چینی کی فروخت پر ٹیکس کی چوری، غیر دستاویزی فروخت اور قیمتوں میں اضافے کی روک تھام کیلئے مشترکہ کارروائی کی ہدایت کر دی گئی ہے اور اس سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے ایف بی آر، آئی بی اور ایف آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ شوگر سیکٹر میں سیلز ٹیکس کی چوری کے سدباب کو یقینی بنایا جائے، شوگر کین کرشنگ سیزن شروع ہو رہا ہے، شوگر ملوں اور ڈیلرز سے جی ایس ٹی کی 100فیصد وصولی کو بھی یقینی بنایا جائے ۔ وزیراعظم کی ہدایت پر کیمروں کے ذریعے شوگر ملوں کے پیداواری عمل اور ذخیرہ اندوزی پر نظر رکھی جائے گی، سیلز ٹیکس کی ادائیگی یقینی بنائی جائے گی اور چینی کی قیمتوں میں اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔