راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوانے سینٹرل جیل راولپنڈی میں سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی ،وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپورمنگل کی صبح مکمل پروٹوکول میں اڈیالہ جیل پہنچے ،جہاں گیٹ نمبر 5سے وہ جیل میں داخل ہوئے ،جیل انتظامیہ نے کانفرنس روم میں ان کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کروائی جوتقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہی ،جیل ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال ،زیر سماعت مقدمات ، 24نومبر کے احتجاج سمیت مختلف امور پر بات چیت کی گئی،ذرائع کاکہنا ہے کہ ملاقات میں اپیکس کمیٹی اجلاس کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیاگیا،ملاقات کے بعد وزیراعلیٰ خیبر پختونخوامیڈیا سے گفتگو کئے بغیر اڈیالہ جیل سے روانہ ہوگئے ۔ادھر عمران خان سے ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےعلیمہ خان نے کہاہے کہ عمران خان نے مذاکرات کیلئے اسٹیبلشمنٹ کا ہی کہا ہے،گنڈا پور اور بیرسٹر گوہر کو جمعرات تک کا وقت دیا ہےبانی پی ٹی آئی کی توشہ خانہ کیس 2میں ضمانت لگی ہوئی ہے اور کوئی وجہ نہیں کہ انہیں ضمانت نہ ملے،اگر انہیں ضمانت ملتی ہے تو وہ 24نومبر کا احتجاج لیڈ کرینگے ، با نی پی ٹی آئی نے کل جمعرات تک مذاکرات کا وقت دیا ہے، اگر چوری شدہ مینڈیٹ واپس مل جاتا ہے تو پھر 24نومبر کا احتجاج جشن میں تبدیل ہو جائے گا،انہوں نے کہاکہ24تاریخ ملک کے لئے اہم دن ہے۔