اسلام آباد ( نیوز رپورٹر):وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہےکہ یونیورسٹی اولمپیاڈمیں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوانوں کو قومی و بین الاقوامی سطح پر مواقع فراہم کئے جائیں گے، 15 لاکھ نوجوانوں کو ہنرمند بنا کر روزگار کے مواقع فراہم کریں گے۔ بدھ کو یونیوسٹی اولمپیاڈ کے آغاز کے موقع پر چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتےہوئے رانامشہود احمد خان نے کہا کہ ہم ملک میں مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لئے کام کررہے ہیں۔ پاکستان کے خلاف باربار سازش کی جاتی ہے،ترقی کی راہ روکنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ پاکستان کے خلاف سازش کرنے والے ناکام ہوں گے ۔اس موقع پر انہوں نے یونیورسٹی اولمپیاڈ مقابلوں میں شریک 2 خصوصی نوجوانوں کا سراہا اور ان کے لئے خصوصی موٹر سائیکلوں کے لئے ایک لاکھ 75ہزار روپے فی کس کا چیک بھی دیا۔