• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وسائل کے بہتر استعمال سے آئی ٹی برآمدات 25 ارب ڈالر سے بھی تجاوز کر سکتی ہیں، شہباز شریف

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس باصلاحیت افرادی قوت اور وسائل کی کمی نہیں،وسائل کے بہتر استعمال اور افرادی قوت کو تعلیم و تربیت کے ذریعے آئی ٹی برآمدات 25ارب ڈالر سے بھی تجاوز کر سکتی ہیں۔ 

آئی ٹی شعبے کی اصلاحات کا پیش کردہ لائحہ عمل بہترین ہے ، اس پر عملدرآمد یقینی بنائیں، بذات خود نگرانی کروں گا،نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار کی تعلیم و تربیت اور ہنر دینے کیلئے ہائر ایجوکیشن کمیشن لائحہ عمل تیار کرے، وزیر اعظم نے یہ بات گزشتہ روزاپنی زیر صدارت آئی ٹی شعبے کی اصلاحات پر منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کے دورن کہی ۔ 

وزیرِ اعظم نے کہا کہ آئی ٹی شعبے کی اصلاحات کا پیش کردہ لائحہ عمل بہترین ہے، اب اس پر عملدرآمد یقینی بنائیں، آئی ٹی برآمدات میں اضافے کیلئے پیش کی گئیں اصلاحات کی راہ میں حائل چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تمام ادارے مل کر تعاون کریں، آئی ٹی شعبے کی اصلاحات پر عملدرآمد کی میں بذات خود نگرانی کرونگا۔

 وزیرِاعظم نے ہدایت دی کہ پاکستانی نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار کی تعلیم و تربیت اور ہنر دینے کیلئے ہائر ایجوکیشن کمیشن ایک لائحہ عمل تیار کرے، پاکستانی آئی ٹی ماہرین کی خلیجی ممالک میں طلب موجود ہے،اس حوالے سے بھی تجاویز کو جلد عملی جامہ پہنایا جائے۔

انہوں نے آئی ٹی برآمدات کو بڑھانے کے حوالے سے واضح اہداف وضع کرنے اور ہر اقدام کے حوالے سے معینہ مدت کے تعین ، آئی ٹی شعبے کی اصلاحات کے نفاذ اور مختلف اداروں کے ساتھ تعاون کے فروغ کیلئے کمیٹی قائم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اہم خبریں سے مزید