کراچی (عبدالماجد بھٹی) بھارت جہاں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت سے گریز کررہا ہے وہیں بھارت کے ارب پتی تاجر دنیا کی مختلف لیگز کی ٹیموں کو خرید چکے ہیں لیکن وہ تعصب برتتے ہوئے پاکستانی کھلاڑیوں کو شامل کرنے سے گریز کرتے ہیں۔ البتہ انگلش کرکٹ بورڈ اس تعصب کو ختم کرکے کھیل کو سیاست سے دور کرنا چاہتا ہے۔ آئندہ سال تک دی ہنڈریڈ کی چھ ٹیموں کو نئے مالکان خرید لیں گے امکان ہے کہ ان میں سے اکثریت بھارتی ہوں گے لیکن ای سی بی شرط رکھ رہا ہے کہ پاکستانی سپر اسٹارز ایکشن میں ہوں۔ اس سلسلے میں انگلش بورڈ کی توجہ اس جانب مبذول کرائی گئی تھی۔ انگلش کرکٹ بورڈ دی ہنڈرڈ کی چھ فرنچائز کو فروخت کرکے600ملین پاؤنڈ کمانا چاہتا ہے اور اس سلسلے میں پراسس شروع کردیا گیا ہے۔ ای سی بی ٹیمیں خریدنے والے مالکان کو تنبیہ کرے گا کہ وہ پاکستانی کھلاڑیوں سے تعصب نہ برتیں۔ دنیا کی مختلف لیگز میں بیس ٹیمیں انڈین پریمیئر لیگ کی فرنچائزز نے خریدی ہوئی ہیں ، ان میں پاکستانیوں کی تعداد آٹے میں نمک کے برابر ہے۔ عماد وسیم امارات میں آئی ایل ٹی ٹوئنٹی اور ماسٹرز لیگ کھیل رہے ہیں۔ دونوں ٹیموں کے مالک بھارتی ہیں۔ گذشتہ سال دی ہنڈرڈ میں میں حارث رؤف، اسامہ میر، محمد حارث اور عماد وسیم نے شرکت کی تھی۔ ایم سی سی کی ٹیم دی ہنڈرڈ میں پاکستانیوں کو رکھنا چاہتی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کی پاکستانی دشمنی کو روکنے کیلئے دی ہنڈرڈ کے نئے فرنچائز مالکان کو وارننگ جاری کی جائے گی۔ دوسری جانب پہلی بار پاکستان سپر لیگ اور انڈین پریمیئر لیگ ایک ساتھ ہورہی ہیں۔ دنیا کے زیادہ تر شہرت یافتہ کھلاڑی بھارتی لیگ سے معاہدہ کر بیٹھے ہیں ۔ پی ایس ایل فرنچائز کو خدشہ ہے کہ پی ایس ایل میں کئی بڑے نام نہیں ہوں گے۔ صف اول کے کھلاڑیوں کو پاکستان لانے کیلئے سخت جدوجہد کرنا ہوگی۔ مشہور انٹرنیشنل کرکٹرز کے بغیر پی ایس ایل کی کامیابی پی سی بی کیلئے بڑا چیلنج ہوگا۔ آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنز، اسٹیو اسمتھ، نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن، جنوبی افریقا کے فاف ڈوپلیسی، افغانستان کے مجیب الرحمان، بنگلادیش کے مستفیض الرحمان، نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل ، گلین فلپس، بھارت کے اجنکیا راہانے، پرتھوی شاہ، ویسٹ انڈیز کے شائے ہوپ، آسٹریلیا کے وکٹ کیپر ایلکس کیری، انگلینڈ کے اسپنر عادل رشید، معین علی، جونی بیئر اسٹو، زمبابوے کے سکند رضا کو خریدنے میں کسی فرنچائز نے دلچسپی نہیں دکھائی۔ امکان ہے کہ جن کھلاڑیوں کو آئی پی ایل میں جگہ نہیں وہ پاکستان آسکتے ہیں۔ آئی پی ایل کا 18 واں ایڈیشن اگلے سال مارچ سے مئی کے درمیان کھیلا جائے گا۔ اتوار کو جدہ میں پلیئرز آکشن میں لکھنؤ سپر جائنٹس نے رشبھ پنت پر آئی پی آیل کی تاریخ کی سب سے بڑی بولی لگائی۔ لکھنؤ سپر جائنٹس نے رشبھ پنت کو 27 کروڑ بھارتی روپے میں خریدا تھا۔ شریاس آئر تقریباً26کروڑ 70لاکھ بھارتی روپے میں فروخت ہوکر دوسرے مہنگے ترین کرکٹر بنے۔