کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے موقف پر قائم ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے تمام میچ پاکستان میں ہونے چاہیں ورنہ پاکستان انتہائی قدم اٹھائے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ جمعے کو آئی سی سی بورڈ میٹنگ سے قبل پی سی بی کے پیٹرن اور وزیر اعظم شہباز شریف اور وزارت خارجہ سے رہنمائی لے گا۔ تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ مسلسل اس بات پر قائم ہے کہ اس کی ٹیم میگا ایونٹ کیلئے پاکستان نہیں جائے گی۔ کہا جارہا ہے کہ پاکستان پر ہائبرڈ ماڈل کو ماننے کیلئے دباؤ ڈالا جارہا ہے جبکہ اسے ڈالرز کی لالچ بھی دی جارہی ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا اجلاس 29نومبر کو طلب کیا گیا ہے۔ پی سی بی نے اجلاس کی تیاری شروع کردی ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ آئی سی سی نے پی سی بی کو ہائبرڈ ماڈل کیلئے مجبور کیا تو بورڈ حکومت سے اجازت طلب کرے گا تاہم ابھی تک پاکستان کا ہائبرڈ ماڈل قبول کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ جے شاہ کی آئی سی سی میں انٹری سے قبل تنازع کا حل چاہتا ہے جس کے لیے آئی سی سی نے بورڈ میٹنگ 29نومبر کو طلب کر رکھی ہے۔ آئی سی سی اور بی سی سی آئی نے چیمپئنز ٹرافی2025ہائبرڈ ماڈل کروانے کی صورت میں پی سی بی کو مالی فائدہ پہنچانے کا بھی پلان تیار کرلیا ہے۔ پاکستان کا کہنا ہے کہ وہ مالی پیشکش قبول نہیں کرے گا۔ بھارتی میڈیا روزانہ نئے سازشی مفروضے پیش کررہا ہے۔ نئے دعوے کے مطابق آئی سی سی نے ہائبرڈ ماڈل کیلئے پلان بھی تیار کیا ہوا ہے جس کے تحت 10میچز اور ایک سیمی فائنل پاکستان میں جبکہ بھارت کے میچز اور ایک سیمی فائنل متحدہ عرب مارات میں ہوگا۔