اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے )بارش کا سبب بننے والی مغربی ہوائیں ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہو گئیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 29 نومبر اور 2 دسمبر کے دوران راولپنڈی اسلام آباد سمیت کوئٹہ ، پشین، قلعہ سیف اللہ، ژوب، شیرانی، موسیٰ خیل، بارکھان، زیارت، لور الائی اور ڈیرہ غازی خان ،گوادر ، پنجگور ، آواران، قلات ، خضدار ، لسبیلہ، وزیرستان، کرم، مہمند ، خیبر ، چترال، دیر، سوات، مالا کند، بونیر ، شانگلہ ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کوہستان، استور، غذر ، گلگت، ہنزہ، اسکردو، وادی نیلم، مظفر آباد ، راولا کوٹ، کوٹلی، حویلی اور باغ میں ہلکی سے درمیانی بارش اور پہاڑوں پر برفباری جبکہ خطہ پوٹھوہار ، مری، گلیات ، میانوالی ، بھکر اور لیہ میں ہلکی بارش / بوندا باندی کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے علاقوں میں جاری فضائی آلودگی میں مزید کمی اور ہوا کا معیار بہتر ہونے کی توقع ہے ، پنجاب کے میدانی علاقوں میں آنے والے دنوں میں دھند کی شدت میں اضافے کی توقع ہے۔ تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور کسی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔