اسلام آباد (نمائندہ جنگ)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس کے ایک لاکھ پوائنٹس عبور کرنے پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسٹاک ایکسچینج کا تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک لاکھ پوائنٹس عبور کرنا حکومتی پالیسیوں پر کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے‘انتشاری ٹولے کے جاتے ہی مثبت رجحان لوٹ آیا۔ قوم سے عہد کیا تھا کہ معاشی استحکام اور ملکی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھاؤں گا‘قومی سلامتی کا براہ راست تعلق معاشی سلامتی سے ہے‘دونوں ساتھ ساتھ ہیں‘ 2018ء کے الیکشن کے بعد قومی اسمبلی کے اجلاس میں میثاق معیشت کی تجویز دی تھی‘ آج پھر میثاق معیشت کی تجویز کا اعادہ کرتا ہوں‘ملک درست سمت میں گامزن ہے‘معاشی چیلنجز کے ساتھ ساتھ سکیورٹی چیلنجز کا بھی سامنا ہے‘پاک فوج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پوری قوم نے دہشت گردی کو شکست دینے کیلئے قربانیاں دیں۔ جمعرات کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا ہے کہ اس سنگ میل کو عبور کرنے کیلئے حکومتی معاشی ٹیم اور ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے مصروف عمل حکام لائق تحسین ہیں۔ وزیراعظم کاکہناتھاکہ پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کیلئے اپنی سیاست کی قربانی دی۔ اللہ کے فضل و کرم سے قربانی رائیگاں نہیں گئی۔ملکی استحکام و ترقی کے دشمن ملک کو دوبارہ ڈی ریل کرنے کی مذموم و ناکام کوششیں کر رہے ہیں۔ ملک میں مہنگائی کی شرح میں مزید کمی ہوئی ہے۔ملکی ترقی کیلئے یونہی محنت کرتے رہیں گے۔ملکی ترقی و خوشحالی کے دشمنوں کو اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دینگے۔علاوہ ازیں جمعرات کو نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں 26ویں سکیورٹی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئےشہبازشریف کاکہناتھاکہ سٹاک ایکسچینج میں تاریخی ریکارڈ اضافہ، مہنگائی کی شرح میں کمی، آئی ٹی سمیت دیگر شعبوں میں برآمدات اور ترسیلات زر میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، اپنی تمام توانائیاں اور وسائل ملکی معیشت کے استحکام کیلئے بروئے کار لا رہے ہیں، زراعت، صنعت، برآمد کنندگان اور حکومت کو ملکی ترقی کیلئے مل کر کام کرنا ہو گا، اسلام آباد میں مسلح لشکر کشی کے ذریعے غیر یقینی اور افراتفری پیدا کرنے کی کوشش کی گئی، پاکستان کے دشمن سب کچھ تباہ کرنا چاہتے ہیں۔ملک درست سمت میں گامزن ہے، گذشتہ سے پیوستہ روز جو کچھ اسلام آباد میں ہوا اس سے سٹاک ایکسچینج 4ہزار پوائنٹس گر گئی، احتجاج ختم ہونے کے بعد گذشتہ روز اس میں 3ہزار پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے اور آج ایک لاکھ پوائنٹس کی حد عبور کرنا تاریخی ریکارڈ ہے۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات اور صنعتوں میں اضافہ ہو رہا ہو، پیداواری ملازمتوں کے مواقع مل رہے ہوں، بیورو کریسی فعال کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہو تو معاشی سلامتی خود بخود مضبوط ہوتی ہے۔