پشاور(وقائع نگار) صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں پشاور میں 199 موضع جات کو کمپیوٹرائزڈ کر دیا گیا جبکہ باقی 04 پر کام جاری ہے جس کو بہت جلد لائیو کر دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار سینئر ممبر بورڈ آفس ریونیو سید امتیاز حسین شاہ نے سروس ڈیلیوری سنٹر شامی روڈ کے دورے کے موقع پر کیا۔ انھوں نے سروس ڈیلیوری سنٹر کی تزئین و آرائش اور عوام کو سہولت کے لیے کاؤنٹرز بڑھانے اور خواتین کے لیے الگ آفس و کاؤنٹر بنانے کے بعد باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم، ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ نور عالم خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) راؤ محمد ہاشم، ڈپٹی ڈائریکٹر (ڈیٹا بیس) محمد شفیق، سینئر پی ایس عمران خان بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے اس موقع پر سروس ڈیلیوری سنٹر میں سہولیات کے بارے میں تفصیل سے آگاہی دی۔ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے مختلف کاؤنٹرز کا بھی معائنہ کیا۔ انھوں نے سروس ڈیلیوری سنٹر میں عوام سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے کام بابت آگاہی حاصل کی اور سٹاف کو ان کے کام فوری نمٹانے اور ریکارڈ کے فراہمی میں مزید آسانی لانے کی ہدایت کی۔