• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بہت ہی ناشکرے ہیں وہ جو لڑکی کیساتھ جہیز بھی چاہتے ہیں: بشریٰ انصاری

اداکارہ بشریٰ انصاری — فائل فوٹو
اداکارہ بشریٰ انصاری — فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری کا کہنا ہے کہ ہمارے ملک میں جہیز پر قانون بننا چاہیے۔

بشریٰ انصاری اکثر ہی دلچسپ وی لاگز ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر موجود اپنے چینل پر مداحوں کے ساتھ شیئر کرتی رہتی ہیں۔

اُنہوں نے حال ہی میں ایک وی لاگ شیئر کیا ہے جس میں اُنہوں نے جہیز کی وجہ سے لڑکیوں اور ان کے والدین کو درپیش مشکلات کے بارے میں بات کی ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ جہیز کے معاملے میں ہمارے ملک میں ابھی تک کوئی قانون نہیں بنا ہے، اس سے متعلق قانون بننا چاہیے کیونکہ لوگوں کو بیٹیوں کی شادی کے معاملے میں بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ لوگ اپنی بیٹیوں کی اتنی محنت اور محبت سے پرورش کر کے انہیں رخصت کرتے ہیں اور ساتھ میں جہیز کے نام پر ڈھیر سارا سامان بھی دیتے ہیں اور اس کے باوجود بھی ڈرتے ہیں کہ پتہ نہیں سسرال والے ان کی بیٹیوں کو خوش رکھیں گے یا نہیں۔

بشریٰ انصاری نے جہیز لینے والوں پر سخت الفاظ میں تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ لوگ بہت ہی ناشکرے ہوتے ہیں جو لڑکیوں کے ساتھ جہیز کا سامان بھی چاہتے ہیں۔

اُنہوں نے اپنے سابقہ داماد پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنے رات دن لگا کر اپنی بیٹیوں کو پالا پھر ان کی شادیاں کیں تو اُنہیں جہیز میں سب کچھ دیا یہاں تک کے ایک اپارٹمنٹ بھی دیا۔

اداکارہ نے کہا کہ لڑکی کے والدین داماد کو اپنا بیٹا سمجھ کر اس کا خیال کرتے ہیں لیکن جب داماد سامنے سے انتہائی ناشکری کا مظاہرہ کرتے ہیں اور اُنہیں یاد بھی نہیں رہتا کہ ان پر کتنی مہربانی کی گئی ہے تو بہت دکھ ہوتا ہے۔

اُنہوں نے طلاق کے بعد بچوں کو خرچہ نہ دینے والوں کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

بشریٰ انصاری نے کہا کہ یہ آج کل طلاق بعد بچوں کو خرچہ نہ دینے والی پارٹیاں تو بہت پھر رہی ہیں جن کے اندر شرم اور غیرت بالکل بھی نہیں ہے، اب اگر میاں بیوی کی لڑائی ہے تو بچوں کا بھی خرچہ نہیں دیتے۔

اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ ایسی صورتِ حال میں وہ خواتین بہت مشکلات کا سامنا کرتی ہیں جو خود مختار نہیں ہیں اور مالی طور پر اپنے گھر کے مردوں پر انحصار کرتی ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید