کراچی (اسٹاف رپورٹر ) اپوزیشن لیڈر کے ایم سی و نائب امیر جماعت اسلامی کراچی سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ سیکڑوں ارب کے اخراجات کے باوجود کراچی کی حالت بد تر ہوتی جارہی ہے، سندھ حکومت،کے ایم سی اور دیگر اداروں کی بد ترین کار کردگی کے باعث کراچی کے شہریوں کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے، ٹھیکوں میں کرپشن اور بے قاعد گیوں کی شکایات زبان زد عام ہیں، ترقیاتی کاموں کی منظوری کونسل سے لینا ضروری ہے لیکن ایک کی بھی منظوری نہیں لی گئی ، اربوں روپے کے ٹھیکے بلا ٹینڈردے دیئے گئے،ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے کے ایم سی بلڈنگ میں پریس کانفرنس سے خطا ب کرتے ہوئے کیا،سیف الدین ایڈوکیٹ نے مزید کہا کہ اس وقت ڈی جی ٹیکنکل سروسز، میونسپل کمشنر کے ایم سی اور وزارت بلدیات کے دفاتر پر الزامات ہیں کہ وہ کرپشن کے گڑھ بنے ہوئے ہیں جس کی ذمہ داری سے مرتضیٰ وہاب اور سعید غنی ہر گز بری الذمہ نہیں ہوسکتے۔