کراچی (اسٹاف رپورٹر)ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ (ڈی ایس) کراچی، پاکستان ریلوے محمد ناصر خلیلی نے کہا ہے کہ وہ کے الیکٹرک کی کسی بھی قسم کی بدمعاشی برداشت نہیں کریں گے، کے الیکٹرک پر محکمہ ریلوے کے 70 ارب روپے کے واجبات ہیں، جو صرف 10برس کی مدت کےہیں، ان واجبات کی ادائیگی کے لیے پاکستان ریلوے نے کے الیکٹرک کو متعدد نوٹسز بھیجے، مگر اب تک واجبات کی ادائیگی نہیں کی گئی۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ کے الیکٹرک نے ماہانہ واجبات ادا نہیں کیے تو محکمہ ریلوے بھی کے الیکٹرک کے واجبات نہیں ادا کرے گا۔وہ کے الیکٹرک کی جانب سے پاکستان ریلوے کی متعدد تنصیبات اور کینٹ ریلوے کالونی کی بجلی منقطع کئے جانے پر اپنے ردعمل کا اظہار کررہے تھے۔