اسلام آباد (فاروق اقدس) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ کے درمیان منگل کو اسلام آباد میں تفصیلی ملاقات ہوئی زرداری ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے بھی شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق چینی سفیر نے پاکستان اور چین کے درمیان بعض اہم امور پر اپنے ملک کے موقف سے بلاول بھٹو کو آگاہ کیا۔ دیگر امور کے علاوہ تحفظات پر مبنی چینی سفیر کے موقف میں پاکستان میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعات میں چینی شہریوں کی ہلاکتوں کا معاملہ بھی زیربحث آیا۔ اس موقعہ پر سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر جنہیں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے بطور خاص اس موقع پر مدعو کیا تھا انہوں نے بھی گفتگو میں بھرپور انداز سے حصہ لیا۔ اور بلاول بھٹو سے ہم آہنگی کے ساتھ پاکستان کے موقف کی ترجمانی کی۔