اسلام آباد ( آن لائن ) قومی اسمبلی ریلوے کی ذیلی کمیٹی کو بتایا گیا کہ پاکستان ریلوے کے پاس ریلوے اسٹیشنز کی سیکورٹی کے لئے کسی قسم کی ٹیکنالوجی موجود نہیں ہے اور لاہور کے علاوہ دیگر اسٹیشنز پر موجود بیگیج اسکینرز خراب ہیں۔بدھ کو کمیٹی کا اجلاس کنوینر رمیش لال کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی اراکین کے علاوہ وزارت ریلوے اور ریلوے پولیس کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ قائمہ کمیٹی برائے ریلوے کی ذیلی کمیٹی میں انکشاف کیا گیا کہ ریلویزحکام تجاوزات میں بھتے لیتے ہیں ریلویزافسران ادارے کو نقصان پہنچا رہے ہیں، سکھر ڈویژن میں بیس بیس کروڑ کی پراپرٹی پر قبضہ ہے۔اجلاس میں لاہور ریلوے اسٹیشن کے علاوہ باقی تمام اسٹیشنوں کے لگیج اسکینر خراب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ ریلوے پولیس حکام کے مطابق صرف ایک لاہور میں لگیج اسکینر کام کر رہا ہے، باقی سارے کے سارے فیل ہیں اور تمام کے تمام اسکینرز فارغ ہیں حکام نے بتایا کہ کوئی واک تھرو گیٹ کام نہیں کررہا ہے۔ اسی طرح کوئٹہ میں ریلوے اسٹیشن کی باؤنڈری وال ٹوٹی ہوئی ہے کمیٹی کا اسکینرز خراب ہونے پر شدید برہمی کا اظہارکیا۔