کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ سرمایہ کاروں کو جلد بلوچستان بنک کے قیام کی خوشخبری دیں گے، بلوچستان میں سرمایہ کاروں اور بزنس کمیونٹی کی جانب سے 5 ہزار ایکٹر اراضی کا مطالبہ کیا گیا ہے ہم 10 ہزار ایکڑ زمین دینے کو تیار ہیں آئیں اور سرمایہ کاری کریں ،بدھ کو ایف پی سی سی آئی میں بلوچستان بزنس اینڈ انویسٹمنٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سرمایہ کاروں کی سہولت کے لئے ون ونڈو آپریشن سہولتوں کی فراہمی کا اعلان کرتے ہوئے یقین دلایا ہے کہ بلوچستان میں سرمایہ کاری کرنے والی تاجر کمیونٹی کو بیوروکریسی کی جانب سے کسی مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا، بلوچستان مواقع کی سرزمین ہے جو سرمایہ کاری کے لحاظ سے ملک کا موزوں خطہ ہے بزنس کمیونٹی جہاں کہے گی انہیں وہاں مدد و معاونت فراہم کریں گے صوبائی حکومت سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی کو یقینی بنائے گی ، میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ بلوچستان معاشی و سماجی ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ گیا ہے۔