• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جی ایچ کیو حملہ کیس، عمران سمیت 100 ملزمان پر فرد جرم عائد، بشریٰ کے وارنٹ گرفتاری جاری، قائد حزب اختلاف عمر ایوب گرفتار

راولپنڈی (ایجنسیاں)اڈیالہ جیل میں اسپیشل جج سینٹرل نے توشہ خانہ ٹو کیس میں مسلسل غیر حاضری پر ملزمہ بشریٰ بی بی کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے‘عدالت نے ملزمہ کے ضامن کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت پیر تک ملتوی کردی‘ادھرجنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) گیٹ حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت 100ملزمان پر فرد جرم عائد کردی گئی جبکہ فرد جرم عائد ہونے کے بعد قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان ‘ملک احمد چٹھہ‘سابق صوبائی وزیر قانون راجا بشارت اورپی ٹی آئی کارکن عظیم الدین کو اڈیالہ جیل کے باہر سے گرفتار کر لیا گیا۔بانی پی ٹی آئی کی عدالتی دائرہ اختیارچیلنج کرنے کی درخواست عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد خارج کردی‘سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے عمر ایوب کی گرفتاری کو غیر قانونی قراردیتے ہوئے آج پشاور ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے کا اعلان کردیا۔ جمعرات کو اڈیالہ جیل میں انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔دوران سماعت عمران خان‘عمر ایوب‘ شیخ رشید‘راجا بشارت‘ اسد شفیق اور زرتاج گل سمیت 100ملزمان کے خلاف فرد جرم عائد کردی گئی۔ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔ عدالت نے کیس کی آئندہ سماعت 10 دسمبر تک ملتوی کردی۔جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کے بعد اڈیالہ جیل سے باہر نکلنے پرعمر ایوب اور سابق صوبائی وزیر پنجاب راجا بشارت کو گرفتار کرلیا گیا۔عمر ایوب کو پولیس چوکی اڈیالہ منتقل کر دیا گیا ۔

اہم خبریں سے مزید