کراچی (اسٹاف رپورٹر) زمبابوے نے پاکستانی پیس اٹیک کو نشانے پر لیتے ہوئے تیسرا ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میچ دلچسپ مقابلے کے بعد دو وکٹ سے جیت کر وائٹ واش کو ٹال دیا ۔ تاہم سیریز پاکستان نے دو ایک سے اپنے نام کرلی، آخری میچ میں تجربات کرنے کا سلسلہ شکست کا سبب بنا۔ تین فاسٹ بولروں نے لو اسکورنگ میچ میں87 رنز دیے۔ پاکستان نے ون ڈے سیریز بھی دو ایک سے جیتی تھی۔ پاکستان کا کوئی بیٹر نصف سنچری بنانے میں ناکام رہا۔ جہاں داد خان اپنے آخری اوور میں 12رنز کا دفاع نہ کرسکے ۔ پاکستان نے سات وکٹ پر132رنز بنائے ۔ زمبابوے نے ہدف ایک گیند پہلے8 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ پہلا انٹرنیشنل میچ کھیلنے والے ٹینو ٹینڈاماپوسا نے آخری اوور کی پہلی گیند پر چوکا اور دوسری پر چھکا مارکر ہدف کو آسان کردیا ۔ پلیئر آف دی میچ برائن بینیٹ نے ایک چھکے اور چھ چوکوں کی مدد سے35 گیندوں پر43 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ محمد عباس آفریدی 3 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب رہے لیکن انہوں نے24رنز دیئے، جہاں داد نے 2.5 اوورز میں30رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ حسنین نے دو اوورز میں24رنز دیے۔ سلمان آغا نےاور سفیان مقیم نے19،19رنز دے کر ایک ایک وکٹ لی ۔ پہلا انٹر نیشنل میچ کھیلنے والے عرفات منہاس نے چار اوورز میں17رنز دیے۔ نوجوان اسپنر سفیان مقیم نے سیریز میں 9وکٹیں لیں اور پلیئر آف دی سیریز قرار پائے۔ محمد حسنین نے ایک اوور میں19رنز دیے ۔ پاکستان کی جانب سے کپتان سلمان علی آغا 32 رنز بناکر نمایاں رہے، عرفات منہاس نے26 گیندوں پر 22، طیب طاہر نے 14 گیندوں پر ایک چھکے اور دوچوکوں کی مدد سے21 رنز بنائے۔ قاسم اکرام 20 اور عباس آفریدی نے 15 رنز بنائے۔ میچ کے بعد پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ ہم نے کم اسکور بنایا لیکن ہم نے اس سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا۔ سفیان مقیم سیریز کی دریافت ہیں۔