کراچی ( رپورٹ، سہیل افضل) ایف پی سی سی آئی میں برسر اقتدار گروپ کے سربراہ، معروف صنعت کار اور سابق صوبائی وزیر پنجاب ایس ایم تنویر نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ2025ملکی انڈسٹری اور معیشت کے عروج کا سال ہو گا، نئے سال میں شرح سود سنگل ڈیجٹ میں آجائے گی،2سے3ماہ میں بجلی کا ٹیرف انڈسٹری اور عوام کے لئے 16اور17سینٹ سے کم ہو کر 9 سینٹ پر آجائے گا، ایف پی سی سی آئی حکومت کے ساتھ مل کر بلوچستان میں سرمایہ کاری پر کام کر رہی ہے، بلوچستان میں انڈسٹری لگے گی، روز گار کے مواقع بڑھیں گے تو دہشت گردی میں بھی کمی آئے گی۔ انہوں نے بتایا کہ میں نے پنجاب میں صوبائی وزیر کی حثیت سے مختلف فصلوں کے بیج کی منظوری دی،نئے بیج سے 3سال میں چاول کی پیدوار میں 30 فیصد تک اضافہ ہو گا ،گندم اور کپاس کے بھی ایسے بیج اور پلان کی منظور ی دی جس پر عمل سے آنے والے 3 سال میں 5.5 ارب ڈالر کی بچت ہو گی،ایف پی سی سی آئی اور حکومت کے بہترین لائژن سے سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایف پی سی سی آئی کے پلیٹ فارم سےبلوچستان میں روز گار کے مواقع بڑھانے کے لئے خاص طور پر کام کر رہے ہیں ،وزیر اعلیٰ بلوچستان سے ہم نے انڈسٹری لگانے کے لئے 5ہزار ایکٹر زمین مانگی ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان 10 ہزار ایکٹر دینے پر تیار ہیں، وزیر اعلیٰ بلوچستان اندسٹری کے لئے سستی بجلی بھی دینے کو تیار ہیں اس مقصد کے لئے سولر اور ونڈ انرجی کے پروجیکٹ لانے پر کام شروع ہو گیا ہے کیونکہ بلوچستان کی زمین ونڈ اور سولر پروجیکٹس کے لئے ساز گار ہے،وزیر اعلیٰ بلوچستان نے سیکیورٹی کا مسئلہ بھی حل کرنے کا یقین دلایا ہے۔