اسلام آباد (رپورٹ حنیف خالد) نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ ماہ رواں کے آخری ہفتے میں آپریشنلائز کرنے کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، افتتاحی تقریب 25دسمبر کو منعقد کرنے کی تجویز،وزیراعظم شہباز شریف اور اہم چینی شخصیت مہمان خصو صی ہونگے، پی اے اے کے قائم مقام ڈی جی ایئر وائس مارشل ذیشان سعید کا سینئر ماہرین کے ہمراہ ا لیکٹرانک آلات ، مشینری کا جائزہ ۔ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور چین کی اہم شخصیات مشترکہ طور پر مہمان خصوصی ہوں گی چونکہ 25 دسمبر بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا یوم پیدائش ہے اس لئے 25 دسمبر جو دنیائے عیسائیٹ کے اعلیٰ ترین سالانہ تہوار کرسمس منانے کا دن ہے اور حضرت عیسیٰ علیہ اسلام کا یوم پیدائش مسیح برادری دنیا بھر میں اس روز منا رہی ہوتی ہے اس لئے چائنا پاکستان اقتصادی راہداری کی علامت نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا افتتاح 25 دسمبر بروز بدھ کو کرنے کی تجویز پیش کردی گئی ہے۔ نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ 24 کروڑ 60لاکھ یو ایس ڈالر کی لاگت سے پاکستان کے آزمودہ دوست ملک عوامی جمہوریہ چین کی ایئرپورٹ تعمیراتی کمپنی نے بنا کر پاکستانی قوم کو تحفے کے طور پر پیش کیا ہے۔ نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دنیا کے A-380 طیارے مسافر لیکر لینڈ اور ٹیک آف کیا کریں گے۔ پاکستان اور چین سمیت دونوں ملکوں کے علاوہ وسطی ایشیائی ریاستوں، خلیجی ریاستوں، مشرق وسطیٰ، جنوبی افریقہ، یورپ، جنوبی امریکہ کیلئے کمرشل پروازیں آجاسکیں گی۔