• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں پانی کی فراہمی متاثر، اپوزیشن لیڈر کا اظہار تشویش

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نائب امیر جماعت اسلامی کراچی و اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈووکیٹ نے یونیورسٹی روڈ پر 84انچ کی مرکزی پائپ لائن پھٹنے اور شہر کی بڑی آبادی میں پانی کی عدم فراہمی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ لائنوں کا بار بار پھٹنا اور مرمت میں تاخیر سندھ حکومت اور واٹر کارپوریشن کی بدترین نااہلی و ناکامی کو عیاں کر رہی ہے،واٹر کارپوریشن کھربوں روپے کے بیرونی قرضے لینے کے باوجود شہریوں کو پانی فراہمی میں ناکام ہو گئی ہے، قابض میئر واٹر کارپوریشن کے چیئر مین بھی ہیں ان کی نا اہلی کی سزا کراچی کے عوام بھگت رہے ہیں۔ ایم ڈی واٹر کارپوریشن کی جانب سے لائین کی مرمت اور پانی کی بحالی کے اعلانات محض اعلانات ہی ثابت ہو رہے ہیں۔ واٹر بورڈ کی کارکردگی شرمناک حد تک خراب ہے۔کراچی پر قبضہ کرکے اسے لاوارث چھوڑ دیا گیا ہے،پانی کی بندش سے ٹینکر مافیا کی چاندی ہوگئی ہے اور شہری مہنگے داموں پانی کے ٹینکرز خریدنے پر مجبور ہیں۔ گلشن اقبال، گلستان ِ جوہر، جمشید روڈ، طارق روڈ، مارٹن کوارٹر، بہادر آباد، لائنز ایریا، صدر، گارڈن، رامسوامی، لیاری، سولجر بازار، پی آئی بی اور لیاقت آباد سمیت تقریبا نصف کراچی شدید متاثر ہے اب تو ٹینکروں سے بھی پانی نہیں مل رہا جس کی وجہ سے شہری شدید مصیبت کا شکار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہری بلدیاتی امور کی ہفتہ وار جائزہ میٹنگ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈپٹی پارلیمانی لیڈر قاضی صدرالدین، کوآرڈی نیٹر اپوزیشن لیڈر نعمان الیاس، یوسی چئیر مین شہزاد مظہر،یوتھ کونسلر تیمور احمد اور دیگر موجود تھے۔سیف الدین ایڈوکیٹ نے مزید کہا کہ یونیورسٹی روڈ پر ڈیڑھ ماہ میں دو تین مرتبہ پانی کی لائین پھٹ گئی ہے یا مرمت کے نام پر بند کی گئی ہے۔ اب پانی کی لائنیں پھٹنا بھی معمول بن گیا ہے، ملک کے سب سے بڑے شہر اور سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے شہر کو لاوارث سمجھ لیا گیا ہے اور پیپلز پارٹی کی حکومت نے بھی کراچی کو صرف کھانے کمانے اور مال بنانے کا ذریعہ بنایا ہوا ہے، عوامی مسائل سے اسے کوئی سرو کار نہیں۔ سندھ حکومت کی نا اہلی اور ناکامی کا یہ حال ہے کہ ایک طرف ریڈ لائین پروجیکٹ کی تعمیر میں مسلسل تاخیر عوام کے لیے عذاب بنی ہوئی ہے تو دوسری طرف پانی کی لائنوں کے ٹوٹنے اور مرمت میں تاخیر کے باعث عوام پانی کے بحران کا بھی شکار ہو رہے ہیں۔ سیف الدین ایڈوکیٹ نے کہا کہ پینے کے پانی کی قلت کراچی کے عوام کا ایک بڑا اور دیرینہ مسئلہ ہے پہلے ہی شہر کی ضرورت کا نصف فراہم ہوتا ہے۔

ملک بھر سے سے مزید