اسلام آباد ( نیوز ایجنسیاں) جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) نے حکومت کو الٹی میٹم دیا ہےکہ8 دسمبر تک دینی مدارس کا بل منظور نہ ہوا تو اسلام آباد کا رخ کرینگے۔عبدالغفور حیدری نے کہا کہ یہ تمام تنظیمات مدارس کا بل ہے، حکومت کوبل ہر صورت میں منظورکرنا ہوگا ،جبکہ حافظ حمد اللہ کا کہنا ہے کہ صدر زرداری نے مدارس رجسٹریشن بل کو مسترد کرکے طبل جنگ بجا دیا۔ ایک بیان میں سیکرٹری جنرل جے یو آئی مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ حکومت کو دینی مدارس کا بل ہر صورت میں منظورکرنا ہوگا۔ 8 دسمبر تک بل منظور نہ کیا گیا تو اسلام آباد کا رخ کرینگے۔مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ ہم مذہبی لوگ ہیں، نہیں چاہتے اسلام آباد کی طرف مارچ کیا جائے، ملک بھی اس چیز کا متحمل نہیں ہوسکتا۔انکا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ سے بل منظور کرکے روکنا بدنیتی ہے، یہ جے یو آئی اور وفاق المدارس کابل نہیں، تمام تنظیمات مدارس کا بل ہے۔