اسلام آ باد(نمائندہ جنگ)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک بحریہ ہرطرح کے چیلنجز سے نبردآزما ہونے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔بلیو اکانومی سے ہی ہماری ترقی و خوشحالی ممکن ہے۔ پاکستان دہشت گردی کی وجہ سے بھاری قیمت ادا کر رہا ہے، حکومت اور افواج پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز لاہور میں پاکستان نیوی وار کالج میں ساتویں میری ٹائم سکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ میری ٹائم سکیورٹی ورکشاپ کا مقصد بحری سلامتی اور میری ٹائم اکانومی کے بارے میں شعور پیدا کرنا ہے۔ ورکشاپ کے شرکاء میں ارکان پارلیمنٹ، سیاستدان، بیوروکریٹس، مسلح افواج کے افسران، میڈیا اور سول سوسائٹی کے نمائندے شریک تھے۔ وزیرا عظم نے کہا کہ پاک بحریہ ہرطرح کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے