اسلام آباد (طاہر خلیل) 10 سال پہلے کی غلطی کا سبق، پھر دہرایا جانے لگا۔ اسلام آباد میں مبصرین نے پی ٹی آئی کی قیادت کو مشورہ دیا ہے کہ سول نافرمانی تحریک کا آغاز خیبر پختونخوا میں حکومت کی دستبرداری سے کیا جائے، بانی پی ٹی آئی نے 14 دسمبر سے سول نافرمانی تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے۔
سول نافرمانی تحریک کا اعلان درحقیقت ان کا آخری پتہ ہے، جس کا اظہار وہ حالیہ دنوں میں کرتے رہے ہیں، خان صاحب 2014 میں بھی اس تجربے سے گزر چکے ہیں۔ 2014 کے دھرنے میں انہوں نے اپنا یہی آخری کارڈ کھیلا تھا۔
اوورسیز پاکستانیوں سے کہا تھا کہ وہ ترسیلات زر بیکنگ سسٹم کی بجائے ہنڈی کے ذریعے بھیجیں 2018 میں اقتدار سنبھالنے کے بعد جب پاکستان کو فیٹف کی گرے لسٹ میں شامل کیا گیا تو خان صاحب کو احساس ہوا کہ انہوں نے پاکستان کے خلاف بہت بڑی غلطی کر دی تھی اوورسیز پاکستانیوں کو اس طرح کی کال نہیں دینا چاہئے تھی۔