کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کاسی قبیلے کے معتبرین ارباب ندیم کاسی ، ملک یوسف کاسی ، ملک سمیع اللہ ، شاکر خان اور محمد عارف نے کہا ہے کہ کوئٹہ کی مٹن مارکیٹ پر عدالت کے اسٹے کے باوجود انتظامیہ کا کثیر تعداد میں سیکورٹی فورسز کو طلب کرنا انتہائی افسوسناک عمل ہے ۔کوئٹہ میں ایسے افسران تعینات کئے جائیں جو شہراور صوبے کی روایات سے واقف ہوں، یہ بات انہوں نے جمعہ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم کوئٹہ میونسپل کارپوریشن کی انتظامیہ سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ بتایا جائے کہ کارپوریشن نے گوشت مارکیٹ کی زمین کب اور کس سے خریدی ، کلکٹر صحت انتقال بنانے کے مجاز نہیں، شاملات دیہہ زمین ایک مشترکہ گاؤں کی ملکیت ہوتی ہے، حکومت اس کو منتقل کرنے کی مجاز نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گوشت مارکیٹ پر عدالت کے اسٹے آرڈر کے باوجود گزشتہ روز انتظامیہ نے بڑی تعداد میں فورسز کو طلب کیا جس کی مذمت اور حکام بالا سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کوئٹہ میں ایسے افسران تعینات کئے جائیں جو کوئٹہ اور صوبے کی روایات سے واقف ہوں ۔