کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں شدید سرد موسم میں گیس پریشر میں کمی و عدم فراہمی کے خلاف شہری سراپا احتجاج ، سی پیک روڈ کو اسپنی روڈ ، سبزل روڈ اور کلی مصطفیٰ کے قریب ٹائر جلاکر بند کرکے شاہراہوں کو ٹریفک کے لئے بند کردیا ، احتجاج کی وجہ سے مختلف سڑکوں پر گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں جاری شدید سردی اور درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گرنے کے بعد شہر کے مختلف علاقوں سول ہسپتال کالونی ، پشتون آباد ، جناح روڈ ، فاطمہ جناح روڈ ، جناح ٹاؤن، کلی برات و ملحقہ علاقوں ، اسپنی روڈ ، سبزل روڈ ، کلی مصطفیٰ ، مبارک چوک ، سریاب روڈ ، کلی کمالو، کلی محمد شہی، کلی چلتن، گاہی خان چوک، موسیٰ کالونی، فیض آباد سمیت علاقوں میں گزشتہ کئی روز سے گیس پریشر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے جناح ٹاؤن اور ملحقہ علاقوں میں گزشتہ روز دوپہر سے گیس پریشر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ رات 11 بجے کے بعد گیس پریشر میں کمی اور اس کی بندش روز کا معمول بن چکی ہے سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے کوئی اقدام نہیں اٹھایا جارہا جس کے خلاف جمعہ کو شہریوں نے سی پیک روڈ کو ٹائر جلاکر بلاک کرکے احتجاج کیا اور شدید نعرہ بازی کی اور مطالبہ کیا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی ، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان عوام کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے سوئی سدرن گیس کمپنی کے خلاف کاروائی کریں اور سرد موسم میں گیس پریشر میں کمی کی اور بندش کا مسلہ حل کرکے بلا تعطل گیس فراہم کی جائے تاکہ شہری اس مشکل صورتحال سے چھٹکارا حاصل کرسکیں ۔