کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر)پرو وائس چانسلر سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی ڈاکٹر راحیلہ عمر نے کہاہے کہ معاشی ترقی کے ساتھ جامعات ثقافت، سیاسی استحکام اور مثبت سوشل چینج میں بھی اپنا کردار ادا کرتی ہیں۔ کسی قوم کی ترقی محض سائنسدانوں اور لکھاریوں پر ہی منحصر نہیں بلکہ اچھے اساتذہ، انجینئر، ڈاکٹر، سیاستدان اور کاروبار کو جدید تقاضوں کے مطابق چلانے والے ہنرمندوں کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔ قومی ترقی کے لئے سوچنے و سمجھنے کی صلاحیت رکھنے والے ایسے شہریوں کی بھی ضرورت ہوتی ہے جو سیاسی و سماجی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے قابل ہوں۔ اچھی یونیورسٹیز کا دارومدار اعلیٰ تعلیم یافتہ اور تجربہ کار فیکلٹی کے ساتھ محنتی طلبا پربھی ہوتا ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گذشتہ روز جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہاکہ یونیورسٹیاں، اپنے ملک اور معاشرے کی پہچان ہوتی ہیں۔ اُن کی علمی اور تحقیقی سرگرمیاں جب دنیا کے سامنے آتی ہیں تو اس سے اُن کے ملک کے وقار میں اضافہ ہوتا ہے۔ پاکستان قدرتی وسائل سے بھرپو رملک ہے۔ ہم جدید ترین ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے ان معدنی وسائل کو استعمال کرکے پاکستان کو توانائی بحران سے نجات دلا سکتے ہیں۔ خواتین کو چاہئے کہ وہ اپنی بیٹیوں کو تعلیم کی اہمیت و افادیت سے آگاہ کریں۔