مظفر آباد (نمائندہ جنگ) آزاد کشمیر میں جاری چار روزہ پہیہ جام ہڑتال اور شٹر ڈاؤن حکومت آزاد کشمیر اور عوامی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا، تمام انٹری پوائنٹس، بازار مارکیٹیں کھول دی گئیں، گاڑیاں سڑکوں پر رداں دواں ہوگئیں، حکومت نے اسیران رہا کرنے اور حکومت نے بجلی کے ٹیرف میں ردوبدل کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔ حکومت کی جانب سے مذاکراتی ٹیم کے وزرائے حکومت نے مرکزی ایوان صحافت میں ہونے والے معاہدے کا اعلان کیا۔ وزیر اطلاعات نے بتایا کہ حکومت ایکشن کمیٹی کے مطالبات پر فوری طور پر عملدرآمد کریگی۔ وزیر اطلاعات پیر مظہر سعید وزیر صحت انصر ابدالی وزیر حکومت چوہدری رشید وزیر حکومت محترمہ تقدیس گیلانی مشیر حکومت نثارہ عباسی نے حکومت کی جانب سے مراکراتی عمل کو آگے بڑھانے کی تفصیلات سے میڈیا کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر اطلاعات راجہ امجد منہاس بھی موجود تھے۔