• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملکہ کوہسار مری میں سرمائی سیزن کی پہلی برفباری کاآغاز

راولپنڈی مری( اپنے رپورٹرسے،نمائندہ جنگ)ملکہ کوہسار مری میں سرمائی سیزن کی پہلی برفباری کاآغاز، اتوار کے روز گہرے کالے بادلوں،یخ بستہ ہواؤں کے ساتھ بادلوں کی گن گرج کاسلسلہ بھی جاری رہا،سردی کی شدت میں بھی بے پناہ اضافہ،برفباری کے پیش نظرضلعی انتظامیہ بھی متحرک،ڈپٹی کمشنرمری آغاظہیرعباس شیرازی نے محکمہ ریسکیو 1122 مری سمیت تمام ادارے کوالرٹ رہنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں، جبکہ مال روڈ مری، کشمیر پوائنٹ، جھیکاگلی اورمری کے نواحی علاقوں باڑیاں اورکالی مٹی میں برفباری کاسلسلہ دوپہر کے وقت وقفے وقفے سے جاری ہے، برفباری کے دوران انتظامات کے حوالے سے ریسکیو1122کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سرمائی سیزن/ سنو فال ایمرجنسی کور پلان کے مطابق ضلع مری میں روڈ ٹریفک حادثات،میڈیکل ایمرجنسیز اور دیگر ایمرجنسیز پر بروقت رسپانس کیساتھ ساتھ تحصیل ہیڈکواٹر ہسپتال مری سے انتہائی تشویشناک مریضوں کی راولپنڈی اور اسلام آباد کے مختلف ہسپتالوں میں منتقلی کا عمل جاری،ریسکیو 1122 کنٹرول روم 24/7 آپریشنل ہے،امدادی ہلپ لائن 1122 پر موصول ہونے والی ہر ایک کال پر بروقت امدادی کارروائیوں کا عمل جاری،کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ریسکیو اہلکاروں کو الرٹ رہنے کے احکامات جاری کردئیے گئے ہیں،سیاحوں اورمقامی لوگوں کوہدایات جاری کی ہیں کہ بارش کے دوران پھسلنے اورسفر کے دوران گاڑی کی بریک فیل ہونے سے بچنے کیلئے ڈرائیونگ احتیاظ سے کریں،آسمانی بجلی یا طوفان کے آثار رونما ہوں تو گاڑی میں پناہ نہ لیں،برساتی ندی نالوں میں کوڑا کرکٹ مت پھینکیں اس سے طغیانی کا خطرہ بڑھ سکتا ہے،برساتی اور ندی نالوں اور نشیبی علاقوں میں رہائش کے لیے تعمیرات مت کریں، پرانے اور بوسیدہ مکانوں میں رہائش مت اختیار کریں۔مری میں موسم سرما کی پہلی برفباری ہوئی ہے جبکہ مزید کی پیش گوئی کی گئی ہے۔پی ڈی ایم اے کے ترجمان نے کہا ہے کہ مری میں بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے اور آئندہ 24 گھنٹوں تک مزید بارش و برف باری کے امکانات ہیں۔ بارش اور برف باری کے باعث سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوسکتی ہے۔ سڑکوں پر انتظامیہ کی جانب سے نمک کا چھڑکاؤکیا جارہا ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے مری انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ الرٹ ر ہے اور کسی قسم کی غفلت کا مظاہرہ نہ کیا جائے، ہیوی مشینری کے استعمال سے برف کو ساتھ ساتھ ہٹایا جائے۔ شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جائے۔سیاحوں کو موسم کی مناسبت سے سہولیات فراہم کرنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔ مری میں سیاحوں کی رہنمائی کے لیے 13 فسیلیٹیشن مراکز قائم کئے گئے ہیں سیاحوں سے گزارش ہے کہ موسم کی صورت حال کا جائزہ لے کر سفرپر نکلیں۔
اسلام آباد سے مزید