• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برسلز میں یورپی پارلیمنٹ کے سامنے تحریک انصاف کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ، شمعیں روشن کی گئیں

برسلز (حافظ اُنیب راشد) اسلام آباد میں26 نومبر کو ہونے والے پر تشدد واقعات کے خلاف یورپین پارلیمنٹ برسلز کے سامنے پی ٹی آئی بلجیم کے زیراہتمام ایک بڑا مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاج میں مرد و خواتین دونوں شامل تھے جنہوں نے ہاتھوں میں پاکستان اور تحریک انصاف کے پرچم اٹھا رکھے تھے جبکہ عمران خان کی رہائی کے مطالبے پر مشتمل بینرز بھی آویزاں تھے۔ مظاہرے سے غلام ربانی بابو، چوہدری ظفر، سلیم میمن، مہر عبدلمالک، روبینہ خان، فرزانہ کوثر، شیخ الیاس، راجہ طارق، راجہ سہیل، میاں شعیب، اظہر شاہ، بلال خان اور دیگر نے خطاب کیا۔ مظاہرے کے دوران لوگ وقفے وقفے سے ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے، اپنے لیڈر عمران خان کی رہائی، گولی کیوں چلائی؟ جیسے نعرے بھی بلند کرتے رہے۔ اس موقع پر مظاہرین کی جانب سے اسلام آباد حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی تصاویر کے ساتھ شمعیں روشن کی گئیں۔ مقررین نے موجودہ سیاسی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور اسے عوامی ووٹ کے بغیر قابض اور ناجائز حکومت قرار دیا۔ مقررین میں موجود خواتین ارکان نے پی ٹی آئی کی بھرپور حمایت کرنے پر کے پی کے کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ کئی مقررین کی گفتگو کا بنیادی نکتہ یہ تھا کہ26 نومبر کو اسلام آباد کی جانب آنے والے لوگ اپنے جائز قانونی راستے بند ہونے کے بعد اس کی شکایت کیلئے اپنے جمہوری حق کا استعمال کر رہے تھے ان پر کیا جانے والا تشدد حکومت کی جانب سے ظلم کی انتہا ہے جس پر موجودہ قیادت کو تاریخ کے کٹہرے میں جوابدہ ہونا پڑے گا۔ مقررین نے عندیہ دیا کہ وہ پاکستان میں جمہوریت کو پہنچائے جانے والے نقصان سے دنیا بھر میں دوسری اقوام کا آگاہ کرتے رہیں گے۔ آخر میں اسلام آباد حادثے میں مبینہ طور پر جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کیلئے اجتماعی دعا کی گئی۔

یورپ سے سے مزید