ملتان(سٹاف رپورٹر) ایم این ایس زرعی یونیورسٹی میں دو روزہ دوسری بین الاقوامی فوڈ سکیورٹی اینڈ ویلیو چین کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔اس کانفرنس میں دنیا بھر سے محققین، پالیسی ساز اداروں اور طلباء و طالبات شریک ہوئے ۔ کانفرنس میں 115 تحقیقی مقالہ جات پیش کیے جائیں گے۔ آسٹریلیا، چین، ترکی نائیجیریا اور فن لینڈ سے تعلق رکھنے والے محققین نے کانفرنس میں شرکت کی۔ آسٹریلیا سے ڈاکٹر پال کرسٹیانسن نے ویتنام کے میکانگ ڈیلٹا میں دیہی ترقی اور متبادل فصلوں کے لیے ویلیو چین کی ترقی کے موضوع پر خطاب کیا۔پروفیسر ڈاکٹر عثمان مصطفیٰ نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات پر گفتگو کرتے ہوئے ان مسائل کے حل کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ مہمانِ خصوصی، وائس چانسلر بہاءالدین زکریا یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر زبیر نے سپلائی چین میں ڈیجیٹائزیشن کے چیلنجز اور مواقع پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ زراعت میں ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے نظام کو زیادہ کارآمد بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مقامی ایکوا کلچر کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جھینگا فارمنگ نہ صرف معیشت کے لیے بلکہ غذائی ضروریات کے لیے بھی ایک اہم شعبہ ہے، وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد راجوانہ نے پائیدار ویلیو چین نظام اور خوراک کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے یونیورسٹی کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ پروفیسر ڈاکٹر عرفان احمد بیگ اور پروفیسر ڈاکٹر مبشر مہدی نے بھی خطاب کیا۔