کراچی(اسٹاف رپورٹر) گلشن حدید فیز II میں واقعہ بدھ بازار میں2تاجروں میں جھگڑے کے دوران چھری کے وار سے نوجوان تاجر جاں بحق ہوگیا، ورثاء نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے نیشنل ہائی پر لاش رکھ کراحتجاج کیا، وزیر اعلیٰ سندھ نے واقعے کا نوٹس لے لیا۔ تفصیلا ت کے مطابق اسٹیل ٹائون تھانہ کی حدود گلشن حدید فیزII میں واقع بدھ بازار میں بدھ کی صبح اسٹال کیلئے جگہ پر 2تاجروں کے مابین تلخ کلامی ہوئی جو جھگڑے کی نوعیت اختیار کر گئی، اس دوران چھری کے وار سے18سالہ زاہد علی میرانی ولد ممتاز علی میرانی شدید زخمی ہوگیا جسے اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گیا۔ پولیس کا کہنا ہےکہ بدھ بازار میں لیڈیز پرس بیچنے والے اور کپڑا بیچنے والے کے مابین اسٹال کی جگہ پر جھگڑا ہوا۔ واقعہ کے بعد مقتول کے ورثہ نے لاش قومی شاہراہ پر رکھ کر دھرنا دے دیا، اسٹیل ٹاؤن موڑ پر دھرنے کے باعث قومی شاہراہ پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں، ورثاء نے کہا ہے کہ پولیس نےقاتل کو گرفتار کرنے کے لیے دو گھنٹوں کی مہلت مانگی تھی، اب تک ملزمان گرفتار نہیں ہوئے ہیں، مقتول زاہد میرانی بدھ بازار میں کپڑے کا اسٹال لگاتا تھا، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گلشن حدید پر دھرنے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے رپورٹ طلب کرلی۔