کراچی(اسٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی اور امریکا میں قائم الکوثر اِن کارپوریشن کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب بدھ کے روز وائس چانسلر سیکریٹریٹ جامعہ کراچی میں منعقد ہوئی۔مفاہمتی یادداشت پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی اور الکوثرکے پاکستانی نمائندے سید قائم مہدی نے دستخط کئے۔مفاہمتی یادداشت کے مطابق جامعہ کراچی کے طلباوطالبات کو اسکالرشپ فراہم کرے گا۔ قائم مہدی نے شرکاء کو بتایا کہ الکوثر نے 2008 میں تعلیم اور طبی شعبوں میں کام شروع کیااور ملک میں سیلاب آنے کے بعد سیلاب زدگان کو امدادکی فراہمی سے اپنے کام کو وسعت دی۔ انہوں نے بتایا کہ 2018 میں جامعہ کراچی کے تقریباً 40 طلباوطالبات کو اسکالرشپ مل رہی تھی اور اب یہ تعدادسالانہ بنیاد پر 150 سے 200 تک پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نیو جرسی میں مقیم الکوثر پہلے ہی جامعہ کراچی کے طلباوطالبات کو اسکالرشپ فراہم کر رہا ہے اور اس مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد جامعہ کراچی کے طلبہ کے لئے اسکالر شپ کے مختص فنڈ میں مزید اضافہ ہوجائے گا۔ جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی نے الکوثرکے کردار کو سراہتے ہوئے کہاکہ اس طرح کے اقدامات سے جامعات کو بہت مددمل رہی ہے اور ایسی تنظیمیں / ادارے ضرورت مند طلبہ کے لئے امید کی کرن کی مانند ہوتے ہیں۔