اسلام آباد (نمائندہ جنگ )چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ بہت ہوگیا ‘اب 9مئی کی دھول بیٹھنی چاہئے ‘ ہمیں دوبارہ سڑکوں پر آنے پر مجبور نہ کریں‘وفاقی وزیرقانون اعظم نذیر تارڑنے کہاہےکہ لشکر کشی چھوڑ کر پارلیمان میں آنے کو ترجیح دینے پر عمر ایوب کو سراہتا ہوں‘یہ امر خوش آئند ہے ‘ وزیر خارجہ اسحق ڈار کاکہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے 9 مئی کی طرح 26 نومبر کو پھر وہی غلطی دہرائی‘ پروپیگنڈا کرنے والے 2018 کی بات کیوں نہیں کرتے؟ یلغار سے مسائل حل نہیں ہوتے‘ وزیردفاع خواجہ آصف نے کہاکہ مذاکرات اچھی بات مگر بانی پی ٹی آئی کی گارنٹی کون دے گا‘وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہاکہ پی ٹی آئی سے باضابطہ طورپرکوئی مذاکرات شروع نہیں ہوئے ‘یہ لوگ پہلے 9 مئی اور 26 نومبر پر شرمندگی کا اظہار تو کریں۔سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر شبلی فرازکا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے مذاکرات کیلئے پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے‘ یہ کمیٹی سب سے مذاکرات کیلئے تیار ہے‘ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے 9 مئی اور 24 نومبر کے معاملے پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ گولی کیوں چلائی؟ کس نے چلائی؟ حکومت نے جواب نہیں دیا‘بانی پی ٹی آئی ودیگر اسیران کو رہاکیا جائے ۔ بدھ کو جیونیوزکے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ ‘‘ میں میزبان سے گفتگوکرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی اسد قیصر سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی ۔ اسپیکر کے گھر وزیراعظم اور اسد قیصر کی کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔