کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ”آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ “ میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی و تجزیہ کار، منیب فاروق نے کہا ہے کہ نومبر2022ء کے احتجاج کا مقصدتھا کہ جنرل عاصم منیرکی تقرری کو روکا جائے،گٹھ جوڑ میں ایک ایجنڈا کامن تھا کہ جنرل عاصم منیر کو آرمی چیف نہیں بننے دینا.
میزبان شاہزیب خانزادہ نے اپنا تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ کچھ ہی دن میں پی ٹی آئی کا حکومت اور اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کا منظر نامہ مکمل طور پر تبدیل ہوگیا ہے، احتجاج میں ناکامی کے بعد پی ٹی آئی تو حکومت سے مذاکرات کے لئے تیار نظر آرہی ہے مگر حکومت اسے سنجیدہ نہیں لے رہی ہے۔
سینئر صحافی و تجزیہ کار، منیب فاروق نے کہا کہ جو دباؤ ہے وہ ریٹائرمنٹ کے بعد کے معاملات کے اوپر ہے۔جو کلیم کیا جارہا ہے کہ فیض حمید عمران خان کی ملی بھگت سے سارا کچھ کرتے رہے۔25 مئی2022ء کا احتجاج بھی فیض حمید کی مشاورت کے ساتھ کیا گیا۔نومبر2022ء میں جو کچھ ہوا اس میں بھی فیض حمید کا ہاتھ مانا جاتا ہے۔
نومبر2022ء کے احتجاج کا مقصدتھا کہ جنرل عاصم منیرکی تقرری کو روکا جائے۔گٹھ جوڑ میں ایک ایجنڈا کامن تھا کہ جنرل عاصم منیر کو آرمی چیف نہیں بننے دینا۔سینئر صحافی و تجزیہ کار، عمر چیمہ نے کہا کہ یہ عام عدالت سے ملتا جلتا ہے۔ان کا چالان جمع ہوا ہے اس کے بعد فرد جرم عائد ہوگی۔