اسلام آباد(تنویر ہاشمی ) ایف بی آر نے تمباکو ، چینی اور کھاد کی صنعت پر ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی تنصیب کا سنگ میل عبور کر لیا تاہم سیمنٹ سیکٹر پر ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کو پوری طرح لاگو نہیں کیاجاسکا ، سیمنٹ سیکٹر پر 31مارچ 2025تک مکمل طور پر ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے خود کار نظام کے نفاذ کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے ، ایف بی آرذرائع کے مطابق 15نومبر 2024سے گنے کی کرشنگ کے سیزن سے قبل ملک بھر کی تمام شوگر ملز پر ٹریک اینڈ ٹریس کو کامیابی کیساتھ لاگو کر دیاگیا ہے ، دو شوگر ملز ڈگری شوگر ملز سندھ اور چشمہ شوگر ملز خیبرپختونخواکی پروڈکشن لائنز پر ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم پوری طرح نافذ نہ ہونے کے باعث ان شوگر ملز کو سیل کر دیاگیا تھا بعد ازاں ان دونوں شوگر ملز کی جانب سے تمام پروڈکشن لائنز پر ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے مکمل نفاذ کےبعد بحال کر دیا گیا ،چینی کی شوگر ملز پر موثر نگرانی کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں اور پیداوار کی نگرانی کیلئے ویڈیو اینا لیٹکس سسٹم کیساتھ ہوپر سسٹم لگایاگیا ہے، کنسورشیم پارٹنرایل جے سی ایل پاکستان ، ایم آئی ٹی اے ایس کارپوریشن جنوبی افریقہ اور لائسنس اتھنٹیکس یو ایس اےنے ٹر یک اینڈ ٹریس سسٹم نصب کیاہے، ایف بی آر نے شوگر ملز پر ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی مانیٹرنگ کیلئے انفورسمنٹ افسران کو تعینات کر دیا ہے، سیمنٹ کی صرف چار فیکٹریوں چر اٹ سیمنٹ ، ڈنڈوت ، میپل لیف اورٹھٹھ سیمنٹ میں ٹریک اینڈ ٹریس پر مکمل عملدرآمد کر لیاگیا ہے۔