اسلام آباد (مہتاب حیدر) ایف بی آر نے ان ٹیکس چور شوگر ملوں کے خلاف آپریشن شروع کردیا ہے جو مبینہ طور پر اپنی حقیقی پیداوار چھپا کر قومی خزانے کو اربوں روپے نقصان پہنچانے کا باعث ہیں۔
سندھ اور پنجاب میں قائم دو شوگر ملیں ایسی غلط کاریوں میں ملوث پائی گئی ہیں ایف بی آر نے ان ملوں کو بند کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ایف بی آر نے رواں مالی سال کے اول 5؍ ماہ میں 338؍ ارب روپے کے بھاری نقصان کے نتیجے میں یہ سخت آپریشن شروع کیا ہے۔
ایف بی آر نے جولائی تا نومبر 2024ء اول 5؍ ماہ میں 4.3 ٹریلین روپے کی وصولیاں کی ہیں جبکہ رواں ماہ دسمبر میں 1.7 ٹریلین روپے کی وصولیاں باقی ہیں ایسی صورت میں 31؍ دسمبر 2024ء تک 6009 ٹریلین روپے کا مطلوبہ ہدف پورا ہوسکے گاجو آئی ایم ایف پروگرام کے تحت مقرر کیا گیا ہے۔ 7؍ارب ڈالرز امدادی پروگرام پر پہلا جائزہ فروری۔
مارچ 2025ء میں طے ہے۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ ایف بی آر کے اندرونی جائزے میں دسمبر 2024ء میں 100؍ سے 150؍ ارب روپے وصولیوں میں کمی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔