کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان اور حکومت سندھ ہمیشہ سے غیرملکی سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہتے ہیں، سندھ حکومت نے پی پی پی موڈ پر کام کر رہی ہے، ہم سرمایہ کاروں کو بھی پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ہر قسم کی سہولت دینے کے لئے تیار ہیں۔صوبائی وزیر برائے توانائی اور منصوبہ بندی و ترقی سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ہم حکومت سندھ کی جانب سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہیں۔ کراچی کے مقامی ہوٹل میں سندھ سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ چینی سرمایہ کار کراچی میں میڈیکل سٹی اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں ، صدر آصف علی زرداری نے سندھ حکومت کی جانب سے چینی سرمایہ کاروں کو مدد دینے کی پیشکش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے سب سے موزوں خطہ ہے ، ہم دو سو سال تک تھر کے کوئلے سے سستی بجلی پیدا کر سکتے ہیں ۔