لاہور ( جنرل رپورٹر ) پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے کہا ہے کہ مریضوں کے علاج معالجہ اور سرجری کیلئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فوقیت دی جا رہی ہے۔ لاہور جنرل ہسپتال میں بواسیر،فسچولا اور مقعد کے پھوڑے کی سرجری کیلئے جدید ٹیکنالوجی لیزر پروکٹو لوجی کا اغاز کر دیا گیا ہے۔ جس کی مدد سے 5مریضوں کے مفت پروسیجر کامیابی سے مکمل کئے گئے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایل جی ایچ سرجیکل یونٹ 2کے زیر اہتمام پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرز کی تربیتی ورکشاپ سے کیا ۔ پرنسپل سرگودھا میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر وارث فاروقہ، پروفیسر آمنہ جاوید، ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹرشبیر احمد چوہدری نے ٹرینی ڈاکٹرز کو پروسیجر بھی دکھائے۔ ڈاکٹر فریاد حسین، ڈاکٹر سعید محمود، ڈاکٹر کریم اللہ، ڈاکٹر قاسم فاروق، ڈاکٹر بابر حمید، ڈاکٹر اظہر عالم، ڈاکٹر حافظ محمد عمران، ڈاکٹر عبدالعزیز، ڈاکٹر نادیہ ارشد اور نوجوان ڈاکٹرز بڑی تعداد میں موجود تھے۔