ملتان ( سٹاف رپورٹر) مرکزی تنظیم نیشنل تاجر اتحاد پاکستان کے مرکزی چیئرمین میاں امتیاز احمد شیخ مرکزی سیکرٹری جنرل دلدار حسین بلوچ مرکزی انفارمیشن سیکرٹری اسماعیل علی شجراء چیئرمین مجلس عاملہ حاجی ارشاد احمد آرائیں فنانس سیکرٹری ملک احتشام گل صدر ضلع ملتان ملک محمد اسلم بوہنہ جنرل سیکرٹری یونس جسکانی سٹی صدر عمر صدیق انصاری جنرل سیکرٹری زین انصاری نے ملتان کی شاہراہوں کی حالت زارجاری ترقیاتی و تعمیری امور میں روائتی سست روی اور اس کی وجہ سے تاجر برادری بالخصوص اور عوام الناس کو بالعموم درپیش مسائل اور ملتان انتظامیہ و متعلقہ اداروں کی عدم توجہی پر انتہائی تشویش کا اظہار کیا اور اس عمل کو تاجروں کا معاشی قتل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی اداروں اور انتظامیہ کی عجیب منطق پر حیرت زدہ ہیں کہ کاروباری جمود اور ایک طویل صبر آزما انتظار کے بعد شروع ہونے والی کاروباری سرگرمیوں کے عین دوران چونگی نمبر سات،آٹھ، پیر خورشید کالونی،لودھی کالونی اور ملحقہ علاقہ جات کے کاروباری ورہائشی طبقہ کوعذاب مسلسل میں از خود مبتلا کردیا گیا ہے۔ ملتان میں بہت سی شاہراہوں پر ترقیاتی کام ہونا باقی ہے جیسے پیراں غائب روڈ، الجیلان دوڈ، نواب پور روڈ مگر عین کاروباری سرگرمیوں کے آغاز یا درمیان میں ہی ان اداروں کو کیوں سب یاد جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی روز تک ملتان کا ہر لحاظ سے انتہائی حساس ایریا چوک کچہری ان اداروں کے درمیان مشق ستم بنا رہا جس پر اہل ملتان سراپا احتجاج بھی ہوئے۔تاجر طبقہ ہر لحاظ سے استحصال کا شکار ہو رہا ہے۔