پشاور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن(پی ایم اے ) سنٹر نے عالمی یونیورسل ہیلتھ کوریج ڈے مناتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیاہے کہ پاکستان میں تمام افراد کو بغیر کسی امتیاز کے قابل رسائی، مساوی، اور معیاری صحت کی دیکھ بھال کی خدمات فراہم کرنے کے لئے غیر متزلزل لگن کے ساتھ کام کرے گی۔ اس دن کا تھیم ’’صحت: یہ حکومت پر ہے‘‘ رہا جو اس بات کو یقینی بنانے میں حکومتوں کے اہم کردار کی نشاندہی کرتا ہے کہ ہر کسی کو صحت کی ضروری خدمات تک رسائی حاصل ہے، چاہے ان کی سماجی اقتصادی حیثیت کچھ بھی ہو۔پی ایم اے عالمی کال ٹو ایکشن کے ساتھ پوری طرح ہم آہنگ ہے اور صحت کی دیکھ بھال کے تفاوت کو ختم کرنے اور تمام پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کو فروغ دینے کے اپنے مشن میں پرعزم ہے۔ پاکستان میںیونیورسٹی ہیلتھ کوریج کے حصول میں اہم خلا باقی ہے، لاکھوں لوگ اب بھی ضروری صحت کی دیکھ بھال تک رسائی سے محروم ہیں، خاص طور پر دیہی علاقوں میں، اس خلا کو پر کرنے کیلئے حکومتی سرمایہ کاری میں اضافہ، صحت کی دیکھ بھال کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے اور بنیادی صحت کی دیکھ بھال کے نظام کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔