اسلام آباد ( نامہ نگار خصوصی) آسٹریلیائی ہائی کمیشن اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے مقامی ہوٹل کے تعاون سے اسلام آباد میں آٹھویں گرلز کرکٹ کپ کی میزبانی کی۔پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے کہا کہ ہر گیند، ہر کیچ، صنفی مساوات کے قریب ایک قدم ہے۔مسٹر ہاکنز نے کرکٹ کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ کرکٹ کے لئے ہمارا مشترکہ جذبہ ہماری قوموں کو متحد کرتا ہے- سرینا ہوٹلز کے سی ای او عزیز بولانی نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔گرلز کپ اسلام آباد میں چار سکولوں کی ٹیمیں شامل تھیں جن میں مشال ماڈل سکول بری امام، ایس او ایس چلڈرن ویلج ایچ 11، اسلام آباد ماڈل سکول فار گرلز ایف سکس ون اور اسلام آباد ماڈل سکول فار گرلز آئی نائن شامل تھے ۔