• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فاسٹ بولر محمد عامر کا دوسری بار انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

کراچی(اسٹاف رپورٹر)اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ ٹیسٹ فاسٹ بولر محمد عامر نے دوسری بار انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔واضح رہے کہ محمد عامر نے 2020میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ ہفتے کو محمد عامر نے اپنے الوادعی پیغام میں کہا کہ پاکستان کے لیے کھیلنا اعزاز کی بات ہے۔محمد عامر نے سوشل میڈیاپیغام میں کہا کہ میں جانتا ہوں کہ یہ ایک مشکل فیصلہ ہے لیکن مجھے لگتا ہے کہ یہ اگلی نسل کے لیے ذمہ داری سنبھالنے اور پاکستان کرکٹ کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کا درست وقت ہے۔میں نے بہت سوچ بیچار کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے اور پاکستان کے لیے تینوں فارمیٹس میں کھیلنا اعزاز کی بات ہے، میں بھرپور سپورٹ کے لیے پی سی بی اپنے دوست اور اہلخانہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ایک دن پہلے آل راؤنڈر عماد وسیم نے بھی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔پی سی بی نے دونوں کھلاڑیوں کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام جاری کیا ہے۔32سالہ محمد عامر نے جون 2009 میں انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو کیا اور پاکستان کے لیے 36 ٹیسٹ، 61 ون ڈے اور 62 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 271 بین الاقوامی وکٹیں حاصل کیں۔ محمد عامر 2009 کے آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ اور 2017 کی چیمپئنز ٹرافی جیتنے والے اسکواڈ کا حصہ تھے۔

اسپورٹس سے مزید